جموں3اپریل(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) پاکستانی فوج نے جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب پیشگی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور مارٹر داغے جس میں فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا اور ایک لیفٹیننٹ سمیت چار دیگر فوجی زخمی ہو گئے۔ فوج کے ایک افسر نے بتایا کہ آج صبح کرشنا وادی سیکٹر میں پاکستانی فوجوں نے سرحد پار سے فائرنگ شروع کر دی اور یہ دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہی جس کی وجہ سے ایک افسر سمیت پانچ فوجی زخمی ہوگئے۔بعدمیں ایک زخمی فوجی نے فوجی ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ایک لیفٹیننٹ اور دو جونیئر فوجی حکام شامل ہیں اور انہیں خصوصی علاج کے لیے اودھم پور ضلع میں کمانڈ ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ اس سے پہلے دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل این این کے جوشی نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے صبح سات بجے سے چھوٹے، خود کار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی اور مارٹر داغے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج نے اس کا مضبوط مؤثر اور مناسب طریقے سے جواب بھی دیا ہے ۔ یہ مسلسل تیسرا دن ہے جب پاکستانی فوجوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور پونچھ اور راجوڑی دونوں اضلاع میں پیشگی چوکیوں اور دیہات کو نشانہ بنایا۔ اگرچہ فائرنگ کی وجہ سے کنٹرول لائن پار تجارت پر کسی طرح کا اثر نہیں پڑا۔یہ کاروبار پونچھ ضلع کے چکن دا باغ اور بارہمولہ ضلع میں اری سیکٹر کے سلام آ باد میں ایک ہفتے میں چار دن منگل سے جمعہ کے بیچ ہوتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ دونوں طرف سے درجنوں ٹرکوں کی سرحد پار نقل و حرکت ہوئی ہے۔ حالیہ اموات کے ساتھ ساتھ اس سال کنٹرول لائن پر پاکستان کی فائرنگ میں مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 27 ہو گئی ہے۔